ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  انکولہ میں زمین کھسکنے کا معاملہ : ضلع انتظامیہ نے کی ملبے میں ٹرک دبے ہونے کی تصدیق؛ کیا زندہ برآمد ہوگا لاری ڈرائیور ؟

 انکولہ میں زمین کھسکنے کا معاملہ : ضلع انتظامیہ نے کی ملبے میں ٹرک دبے ہونے کی تصدیق؛ کیا زندہ برآمد ہوگا لاری ڈرائیور ؟

Sat, 20 Jul 2024 12:28:59    S.O. News Service

بھٹکل،  20 جولائی (ایس او نیوز)  بھٹکل سے قریب90  کلو میٹر دور ضلع اُترکنڑا کے  انکولہ تعلقہ کے شیرور نیشنل ہائی وے پر منگل کو  پیش آئے چٹان کھسکنے کے المیہ کے بارے میں مزید کچھ اہم باتیں سامنے آ رہی ہیں، جس سے یقین ہوگیا ہے کہ ملبے کے اندر ایک بینز ٹرک دبا ہوا ہے اور  ملبے کے اندر ٹرک کا لاپتہ ڈرائیور بھی موجود ہونے کا قوی امکان ہے۔
    
ملبے کے اندر ٹرک دبے ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے بم ناکارہ کرنے والے اسکواڈ کے تعاون سے میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے لاری جہاں دبی ہوئی ہے اس مقام کی نشاندہی کرنے کی کارروائی کی ہے اور ٹرک کو ڈھونڈ نکالنے کا کام جاری ہے۔ ٹرک اندر دبے ہونے اور ڈرائیور زندہ ہونے کے آثار کو بھی دیکھتے ہوئے کیرالہ سے بھی  ڈیٹیکٹر کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور جس مقام پر لاری دبے ہونے کاخدشہ ہے وہاں مزید ایک جے سی پی لگا کر مٹی نکالنے کے کام میں تیزی لائی گئی ہے اور اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ڈرائیور لاری کے اندر ہی ہوگا یا پانی میں بہہ گیا ہوگا۔
      
جی پی ایس کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ جس وقت انکولہ کے شیرور نیشنل ہائی وے پر حادثہ پیش آیا تھا اس وقت یہ ٹرک وہاں پر موجود تھا جس میں ڈانڈیلی سے لکڑی کے تنے لادے گئے تھے اور وہ کیرالہ کی طرف جا رہا تھا۔ ڈرائیور نے حادثے کے مقام پر ہوٹل میں چائے اور ناشتے کے لئے اپنی گاڑی روکی تھی اور اسی دوران چٹان کھسکنے کے بعد 30 سالہ  ارجن نامی ڈرائیور اور ٹرک دونوں لاپتہ ہوگئے۔ اب جی پی ایس ٹریکر سے لگ رہا ہے کہ ٹرک  مٹی اور پتھروں کے تودوں کے نیچے پھنسا ہے۔ 
    
ڈرائیور کا فون رنگ ہو رہا تھا:    اس وقت لاپتہ ٹرک اور ڈرائیور کے لئے تلاشی مہم جاری ہے۔  ڈرائیور ارجن کے گھر والے کیرالہ سے انکولہ میں حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں اور ارجن کے زندہ برآمد ہونے کی توقع کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کل جمعہ کے دن صبح تک ڈرائیور ارجن کا فون رِنگ ہو رہا تھا اور اس کی لوکیشن شیرور کے حدود میں  مل رہی تھی۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ ارجن نے ان سے بات کرنے کے لئے آخری فون کال حادثے کی زد میں آنے والے ہوٹل کے پاس سے ہی کیا تھا۔ پھر اس مقام پر حادثے کی خبر ملنے پر گھر والوں نے اسے فون کیا تو اس نے فون ریسیو نہیں کیا۔  اس لئے وہ لوگ پریشان ہو کر کیرالہ سے انکولہ چلے آئے۔ جمعہ کے دن صبح تک فون رنگ ہونے کی وجہ سے انہیں اب بھی توقع ہے کہ ارجن ملبے کے اندر سے زندہ بر آمد ہوگا۔ 
    
کیا ارجن زندہ مل سکتا ہے؟:جائے حادثہ پر ملبہ ہٹانے کی کارروائی کے دوران ارجن کے زندہ برآمد ہونے کے امکانات کےسلسلے میں ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ اگر چٹان کا ملبہ گاڑی پر گرنے کے دوران اگر ڈرائیور گاڑی کے اندر موجود تھا تو بینز گاڑی کی جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ گاڑی کا لاک اندر سے آٹو میٹک طور پر بند ہوگیا ہوگا اور اگر ایسا ہوا ہے تو ڈرائیور آٹھ دن تک گاڑی کے اندر زندہ رہنے کے امکانات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ جیسے جیسے اوپر سے ملبہ ہٹنے لگا ہے گاڑی پر دباو کم ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گاڑی کا جی پی ایس اور دیگر سسٹم از سر نو ایکٹیویٹ ہو کر کام کرنے لگے ہیں۔ اس سے توقع کی جا سکتی ہے کہ ملبہ پوری طرح ہٹنے پر ڈرائیور زندہ سلامت مل سکتا ہے۔ 
    
کیرالہ کے چیف منسٹر کا مراسلہ :کیرالہ چیف منسٹر پینی رائے وجیئن نے کرناٹکا کے وزیر اعلیٰ سدا رامیا کو ایک مراسلہ بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ ارجن کے اہل خانہ اس کی تلاش میں جائے حادثہ پر پہنچے ہیں اور اس کے زندہ رہنے کی توقع کے ساتھ تلاشی مہم کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس لئے لاپتہ ٹرک اور ڈرائیور کو ڈھونڈ نکالنے کےلئے زمین کے نچلے حصے میں موجودہ اشیاء کا پتہ لگانے والے راڈار کا استعمال کیا جائے۔  
    
لاش کا نصف حصہ بر آمد:   راحت کاری اور تلاشی کے دوران بیلمبار کی جنوبی سمت میں کھاروی واڑہ کے پاس اس بھیانک حادثے سے تعلق رکھنے والی ایک لاش کا نصف حصہ  بر آمد ہوا ہے جو کمر اور ٹانگوں پر مشتمل ہے۔ یہ لاش کس کی ہے اس تعلق سے ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ نصف مردہ جسم کو پوسٹ مارٹم کے لئےانکولہ تعلقہ اسپتال میں روانہ کر دیا گیا ہے۔


    
ڈپٹی آئی جی پی کی آمد : ویسٹرن رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس  (ڈی آئی جی پی)  امیت سنگھ نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر ملبہ ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود اترکنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا اور ایس پی ایم نارائن کے علاوہ محکمہ ریوینیو اور پولیس کے دیگر  اعلیٰ افسران  سے  اس حادثے سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کیں۔ 

تنظیم صدر کامتاثرہ مقام کا دورہ: حالات کا جائزہ لینے بھٹکل اور ضلع کا سب سے بڑا اور قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے اپنے دو ساتھیوں حبیب اللہ محتشم اور اسلم شیخ کے ساتھ انکولہ کے شیرور ہائی وے کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود افسران سے معلومات حاصل کی۔ انہوں نے لاری ڈرائیور ارجن کے لاری کے اندر ہی زندہ رہنے کے امکان کو دیکھتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ لاری کی تلاشی کے کام میں تیزی لائی جائے اور اس کی جان بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
    
راحت کاری کے دوران سانپ نے کاٹا:    حادثے کا شکار ہوئے گیس ٹنیکر سے گیس خالی کرنے کی کارروائی میں مشغول ایم آر پی ایل ٹیم کے ایک افسر کو اچانک سانپ نے کاٹ لیا جس سے تھوڑی دیر کے لئے راحت کاری ٹیم میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ موقع پر موجود تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جگدیش نائک کی قیادت میں طبی عملے نے متاثرہ افسر کو فوری طبی امداد فراہم کی اور ان کی جان کو درپیش خطرہ ٹالنے کے اقدامات کیے۔ 

 


Share: